اہل بیت نیوز ایجسنی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں لبنان پر صہیونی حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے ایک ہی دن میں 11 اہم عسکری کارروائیاں انجام دیں۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوجی ٹھکانوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئیں۔ ان حملوں میں راکٹ، توپخانے اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا، جبکہ بعض مقامات پر قریبی فاصلے سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ چکی ہے۔ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری بھی متاثر ہوئے ہیں۔
لبنان کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں اس کے ایک افسر اور ایک سپاہی زخمی ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی طبی مراکز، ایمبولینسز اور ہسپتالوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں میں کم از کم تین صہیونی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ مزید نقصانات کو چھپانے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے ڈرونز کا بڑھتا ہوا استعمال جنگ کے انداز کو تبدیل کر رہا ہے، کیونکہ یہ کم لاگت اور زیادہ مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکمت عملی اسرائیل کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
موجودہ صورتحال میں خطے میں کشیدگی کم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے اور دونوں جانب سے کارروائیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔
آپ کا تبصرہ